شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں بحرینی علما کا بیان
علمائے بحرین نے آخری سانس تک آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت کو واجب شرعی قرار دیتے ہوئے بحرینی عوام سے آل خلیفہ کے خلاف جد و جہد جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے-
العالم کی رپورٹ کے مطابق بحرینی علماء نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ کے خونی اور جارحانہ اقدامات کے خلاف انجام پانے والے مظاہروں اور تمام پر امن اقدامات میں بھرپور شرکت واجب ہے- بحرینی علماء نے ملک کے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیر کی رات کفن پہن کر بحرین کے تمام علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئیں اور نعرہ لگائیں کہ ہم اپنے دین اور عزت کا دفاع کریں گے - بحرینی سیکورٹی اہلکاروں نے بدھ کی شام الدراز کے علاقے میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے دھرنے پر بیٹھے لوگوں پر حملہ کر دیا تھا - بحرین کی ڈکٹیٹر آل خلیفہ حکومت نے جون دوہزارسولہ میں اس ملک کے بزرگ عالم دین آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کر لی اور اس وقت سے انھیں ان کے گھر میں نظر بند کر دیا ہے جس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بحرینی عوام ان کے گھر کے سامنے مسلسل دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں- آل خلیفہ حکومت نے آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کرنے کے ساتھ ہی الدراز کے علاقے میں فوجی اقدامات تیز کر دیئے ہیں- بحرین میں فروری دوہزارگیارہ سے ڈکٹیٹر آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں - بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی ، عدل و انصاف کے قیام ، امتیازی سلوک کے خاتمے اور منتخب و جمہوری حکومت برسراقتدار آنے کا مطالبہ کر رہے ہیں- آل خلیفہ حکومت نے مظاہروں کو دبانے کے لئےبڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ہے اور ان پرجھوٹے مقدمات قائم کر کے طویل مدت تک کے لئےجیل میں ڈال دیا ہے-