بحرین میں کفن پوش عوامی مظاہرہ
بحرین کے کفن پوش عوام نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہرہ کیاہے۔
بحرینی عوام نے کفن پہن کر حکومت کے خلاف اس ملک کے مختلف علاقوں میں منجملہ الدراز کے علاقے میں مظاہرہ کیا جہاں انھوں نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
اتوار کی رات یہ مظاہرے نماز مغرب و عشاء کے بعد کئے گئے۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مظاہروں کا سلسلہ سنابس، کرزکان، دارکلیب، مالکیہ، باربار، سہلہ، ہملہ، مصلی، قدم اورابو صیبع میں بدستور جاری ہے۔
بحرین کی شاہی حکومت نے گذشتہ سال جون میں ملک کے بااثر اور معروف عالم دین شیخ عیسی قاسم کی شہریت ختم کردی جس کے بعد سے پورے بحرین کے حالات خراب ہو گئے ہیں۔
آل خلیفہ حکومت نے اپنے اس فیصلے کے بعد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ کا محاصرہ اور انھیں گھر میں نظربند کر رکھا ہے جبکہ بحرینی عوام نے بھی آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں ان کی رہائشگاہ کے قریب دھرنا دے رکھا ہے۔
بحرین کی حکومت نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمہ بھی دائر کر رکھا ہے جس کی سنوائی کو بارہ فروری تک کے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاج و مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات اور آزادی و انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں اور سرکاری سطح پر روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کا خاتمہ چاہتے۔ بحرین کی شاہی حکومت سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر، مظاہرین کی سرکوبی کے لئے وحشیانہ طریقوں پر عمل کر رہی ہے۔