یمنی فوج نے سعودی بحری جنگی جہاز تباہ کر دیا
سعودی عرب کا ایک بحری جنگی جہاز، یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حملے کا نشانہ بننے کے بعد غرق ہو گیا۔
جارح سعودی فوج نے اپنے ایک بیان میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جنگی کشتیوں کا نشانہ بننے والا سعودی جنگی بحری جہاز، تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں دو سعودی فوجی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے سعودی بحری جنگی جہاز کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ کھلے سمندر سے یمن کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔
یمنی فوج نے اس سے پہلے خبر دار کیا تھا کہ سعودی دشمن، کھلے سمندروں سے ملک کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں ساحلی شہر مخا کی جانب بڑھنے والی، متحدہ عرب امارات کی جنگی بوٹ کو، میزائل کا نشانہ بنا کر تباہ کر دیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب نے اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس کے نتیجے میں اب تک گیارہ ہزار سے زیادہ بے گناہ یمنی شہری شہید ہو چکے ہیں۔
سعودی جارحیت کی وجہ سے مغربی ایشیا کے اس غریب اسلامی ملک کی، اسّی فی صد بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہو گئی ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو اپنے ہی ملک میں بے گھر ہونا پڑا ہے۔