دہشت گرد افغانستان کی تباہی چاہتے ہیں، اشرف غنی
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ افغانستان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے اپنے ملک کی سیکورٹی فورس کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے مختلف علاقوں میں عوام اور سیکورٹی فورس کے خلاف بیس دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں کہ جن کا ہدف ایک ہے اور وہ افغانستان کو تباہ کرنا ہے ۔انھوں نے افغان سیکورٹی فورسز سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ تمام دہشت گرد گروہوں کا قلع قمع اور یا پھر انھیں ہتھیار ڈانے پر مجبور کر دیں۔افغانستان کے صدر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو چاہئے کہ صوبے قندوز کے طالبان کے خودساختہ گورنر عبدالسلام کی مانند تمام دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ کردیں۔ عبدالسلام، قندوز میں اتوار کو سیکورٹی فورس کی ایک کارروائی میں ہلاک ہو گیا۔محمد اشرف غنی نے کہا کہ عبدالسلام کی ہلاکت سے قندوز میں کچھ حد تک امن برقرار ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ طالبان کے سرغنے، منشیات کی اسمگلنگ اور افغانستان کے معدنیات کے ذخائر کو تباہ کر کے بے تحاشا آمدنی اور دولت حاصل کر رہے ہیں۔افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے کہا کہ ان کا ملک، کسی بھی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے تاہم جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ افغانستان کو جنگ کے میدان میں تبدیل کر دیں گے تو ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔