بحرین میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہرے
بحرینی عوام نے معروف عالم دیں، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہرے کئے ہیں۔
فارس خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف کیس کی سماعت کی تاریخ قریب آنے کے موقع پرآل خلیفہ حکومت کے جارحانہ اقدامات کی مذمت اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں یہ مظاہرے، الدیہ، الدراز اور بنی جمرہ میں کئے۔
مظاہرین نے بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی جانب سے گرفتار کی جانے والی خواتین سے بھی اپنی یکجہتی کااعلان کیا۔
بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی آلہ کار عدالت، آئندہ منگل کو ملک کے معروف و مقبول عالم دین، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت دائر کئے گئےمقدمے کی سماعت کرنے والی ہے۔
اس سے قبل ان کے خلاف کیس کی سماعت، بحرینی عوام کے شدید مظاہروں کی بنا پر ملتوی کر دی گئی تھی۔ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوامی احتجاجات کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ اس حکومت کی جانب سے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے سے بحرینی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کا، حکومت مخالف احتجاج بہت زیادہ شدت اختیار کر گیا ہے۔
دوسری جانب بحرین میں پرامن مظاہرے میں شریک ہونے پر گرفتار کئے جانے والے معروف بحرینی ڈاکٹر کو رہا کر دیا گیا۔ علی العکری نامی معروف ڈاکٹر کو بیس دیگر ڈاکٹروں سمیت ستمبر دو ہزار گیارہ میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بحرین کی عدالت نے ان ڈاکٹروں پر مختلف قسم کے بے بنیاد الزامات کے تحت پانچ سے پندرہ برس قید کی سزا سنائی تھی۔