Mar ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • آستانہ میں ایران، روس اور ترکی کے دوسرے روز کے مذاکرات

بحران شام کے حل کے سلسلے میں آستانہ میں ایران، روس اور ترکی کے سہ فریقی مذاکرات دوسرے روز بھی ہوئے۔

خبر رساں ایجنسی اسنا کے مطابق تیسرے آستانہ مذاکرات کے دائرے میں ایران، روس اور ترکی کے درمیان دوسرے روز بھی مذاکرات ہوئے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین جابری انصاری، شام کے امور میں روسی صدر کے نمائندے الیگزنڈر لاورنتیف اور ترکی کے نائب وزیر خارجہ سدات اونال نے تیسرے آستانہ مذاکرات میں آئندہ اجلاس کی تاریخ اور پروگراموں اور آستانہ میں ہونے والے دو بار کے مذاکرات کے درمیانی ایام میں تینوں ملکوں کے ماہرین کے مابین نشستوں کے بارے میں گفتگو کی۔

دوسری جانب قزاقستان کی وزارت خارجہ نے تیسرے آستانہ مذاکرات کی مدت میں ایک روز کی توسیع کئے جانے کی خبر دی ہے۔

قزاقستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک روز کی مدت، شام مخالفین کی آستانہ آمد کی وجہ سے بڑھائی گئی ہے اور یہ مذاکرات جمعرات کے روز بھی جاری رہیں گے۔

قزاقستان کی وزارت خارجہ کے نمائندے نے کہا ہے کہ جمعرات کے روز مذاکرات میں فوجی مسئلے پر گفتگو ہوگی اور طے پایا ہے کہ شام میں دہشت گردوں اور حکومت مخالفین کے  مقامات کو واضح کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سات نمائندوں پر مشتمل شام کے مخالفین کا وفد بدھ کے روز قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ پہنچا ہے۔

ٹیگس