Mar ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • اردن اور اسرائیل گیس معاہدے کے خلاف امان میں مظاہرہ

اردن اور اسرائیل کے درمیان گیس معاہدے کے خلاف سیکڑوں لوگوں نے دارالحکومت امان میں مظاہرے کیے ہیں۔

پریس ٹی وی کے مطابق سیکڑوں کی تعداد میں لوگ اردن کے دارالحکومت امان کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے اردن اسرائیل گیس معاہدے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم اور ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھتے تھے جن پر صیہونی دشمن کے ساتھ ہرقسم  کے تعاون کے خلاف نعرے درج تھے۔اردن کی شاہی حکومت نے گزشتہ سال ستمبر میں اسرائیل سے گیس کی خریداری کے نئے معاہدے پر دستخط کیے تھے جس پر عوام نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔اس معاہدے کی مالیت دس ارب ڈالر بتائی جاتی ہے جس کے تحت امریکی اسرائیلی کنسورشیم، اسرائیلی گیس فیلڈ کو توسیع دینے کے بعد اردن کو پندرہ سال کی مدت میں ساڑھے آٹھ ملین کیوبک میٹر گیس فراہم کرے گا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس کی خریداری کے بدلے اسرائیل کو دی جانے والی رقم، اسرائیلی فوج کو مضبوط بنانے اور اس کی توسیع پسندی میں اضافے کا باعث بنے گی۔اردن میں پچھلے چند روز کے دوران، منہگائی میں اضافے اور بے روزگاری کے خلاف بھی مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔اردن اور مصر ایسے عرب ممالک ہیں جن کے اسرائیل کے ساتھ کھلم کھلا سفارتی تعلقات قائم ہیں حالانکہ ان ملکوں کے عوام اسرا‏ئیل کے ساتھ ہرقسم کے تعلقات کے سخت مخالف ہیں۔

ٹیگس