Mar ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۹ Asia/Tehran
  • یوم الارض کی مناسبت سے فلسطین کی تحریک حماس کا بیان

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے یوم الارض کی مناسبت سے اپنے بیان میں فلسطینی علاقوں میں فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی پر زور دیا ہے۔

فلسطینی تحریک حماس نے تیس مارچ یوم الارض کی اکتالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطین سبھی فلسطینیوں کا حق ہے اور یہ حق ناقابل تبدیل ہے-

تحریک حماس کے پناہ گزینوں کے امور سے متعلق دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی فلسطین کے سبھی علاقوں میں واپسی، ایک ایسا ناقابل انکار حق ہے جو وقت گذرنے سے ختم نہیں ہو گا اور کسی کو بھی اس پر مذاکرات کرنے کا حق نہیں ہے-

تحریک حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم الارض کی اکتالیسویں سالگرہ صیہونی حکومت کے ساتھ تنازعے میں ایک سنگ میل ہے اور فلسطینی عوام اس پورے عرصے میں فلسطین کے ان غاصبوں کے مقابلے میں ڈٹے رہے ہیں جو فلسطین کی شناخت اور اس کی ماہیت کو ختم کرنے کے درپئے ہیں-

واضح رہے کہ فلسطین میں یوم الارض، انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں میں موجود فلسطینیوں کے قیام کی سالگرہ ہے-  صیہونی حکومت نے تیس مارچ انیس سو چھیہتر کو اپنے غاصبانہ قبضے کی تکمیل کے لئے مختلف بہانوں سے فلسطینیوں کی ہزاروں ہیکٹر اراضی کو غصب کرلیا تھا جس پر فلسطینیوں نے شدید احتجاج کیا تھا اور چھے فلسطینی شہید ہو گئے تھے-

 

ٹیگس