Apr ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  •  یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم کی تحقیقات

برطانوی پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ نے یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پریس ٹی وی کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم کے بارے میں ایک رپورٹ لندن پولیس کو موصول ہوئی ہے۔
مذکورہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد، اسکاٹ لینڈ یارڈ کے شعبہ جنگی جرائم نے، تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور متعلقہ افراد سے رابطے کیے جارہے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق، لندن پولیس کے انسداد دہشت گردی ونگ نے بھی کہا ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران گرفتاریوں یا انٹرویو کی ضرورت محسوس ہوئی تو اس کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
یہ رپورٹ برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سامنے آئی ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کے فروغ کا عزم ظاہر کیا ہے۔
سیاسی ماہرین کے مطابق ، یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم کی تحقیقات، لندن اور ریاض کے درمیان سیاسی تنازعے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔
یمن پر جارحیت کے آغاز سے اب تک برطانیہ سعودی عرب کو بڑی مقدار میں سامان حرب فراہم کرنے کے علاوہ فوجی مشاورت بھی فراہم کرتا رہا ہے۔