Apr ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • فلسطینی انتظامیہ کو تحریک حماس کا انتباہ

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ میں فلسطینیوں پر دباؤ ڈالنے کے لئے کسی بھی قسم کے اقدام پر فلسطینی انتظامیہ کو سخت خبردار کیا ہے۔

فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینیئر رکن محمود الزہار نے اتوار کے روز غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اقدامات عمل میں لانے کے بارے میں فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کی دھمکیوں کی مذمت میں ہونے والے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کی خود مختار انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے زیرقبضہ فلسطینوں کے اموال اور خزانے کو فلسطینیوں میں برابر سے تقسیم کرے۔انھوں نے تنظیم آزادی فلسطین کے اراکین کو صلاح دی کہ وہ، تنظیم آزادی فلسطین کی قیادت کا ڈھانچہ تشکیل دینے کے لئے، کہ جس میں اب نام کے سوا اور کچھ باقی نہیں بچا ہے، محمود عباس کی چالوں میں نہ آ‍ ئیں۔حماس کے اس رہنما نے مزید مراعات حاصل کرنے کے لئے غزہ کے عوام کے خلاف عالمی سازشوں پر خبر دار کیا اور فلسطین کی قانون ساز اسمبلی کے اراکین سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر ان سازشوں کا مقابلہ کریں۔واضح رہے کہ فلسطین کی نام نہاد خود مختار انتظامیہ نے مالی بحران کا بہانہ بناتے ہوئے غزہ میں اس انتظامیہ کے کارکنوں کی تنخواہوں میں تیس سے پچاس فیصد تک کٹوتی کرتے ہوئے غرب اردن کے علاقوں میں کارکنوں کو اس کٹوتی سے مستثنی رکھا ہے جس پر فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اس کے منفی نتائج پر سخت خبردار کیا ہے۔

ٹیگس