Apr ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • داعش اور طالبان میں جھڑپیں، 187 ہلاک  و زخمی

افغانستان میں دہشت گرد گروہوں داعش اور طالبان کے درمیان خونریز جھڑپوں اور سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 119دہشت گرد ہلاک اور68 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبے جائوزجان میں دہشتگرد گروہوں داعش اور طالبان کے درمیان خونریزجھڑپوں میں91 دہشت گرد ہلاک اور 68 زخمی ہوگئے، مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سے زیادہ تر کا تعلق طالبان سے ہے۔

صوبائی گورنر کے ترجما ن محمد رضا غفوری کا کہناہے کہ دہشت گرد گروپوں کے درمیان جھڑپیں منگل کو ضلع دارزاب میں شروع ہوئیں جو تاحال وقفے وقفے سے جاری ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھڑپوں کے دوران طالبان کے 76 اور داعش کے 15دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 56 طالبان اور 12داعش دہشتگرد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان فورسز کی زمینی اور فضائی کارروائیوں میں داعش کے 28 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

داعش کے دہشتگردوں کو ضلع آچن کے علاقوں اسد خیل اور راگاہ میں نشانہ بنایا گیا جہاں افغان سیکیورٹی فورسزحمزہ کے نام سے انسداد دہشت گردی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے ہتھیاراور گولہ بارود کوبھی تباہ کردیا گیا۔

ادھر اطلاعات ہیں کہ افغان سیکیورٹی فورسز جنوبی صوبہ قندھار میں طالبان کی کوئٹہ شوریٰ کے20 ارکان کو گرفتارکیا ہے۔

 

ٹیگس