افغان صدر کی طالبان سے اپیل
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے طالبان سے اپیل کی ہے کہ وہ حزب اسلامی افغانستان کے رہنما گلبدین حکمتیار سے سبق سیکھیں اور امن کے عمل میں شامل ہو جائیں۔
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے جمعرات کو حزب اسلامی افغانستان کے رہنما حکمتیار کا ایوان صدرمیں منعقدہ تقریب میں خیرمقدم کرتے ہوئے امن کے عمل میں ان کے شامل ہونے کی تعریف کی اور کہا کہ طالبان بھی افغانستان کے امن کے عمل میں شامل ہو سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جنگ کا خاتمہ اور امن کا قیام، افغان عوام کی خواہش اور آرزو ہے اور حکومت کابل اور حزب اسلامی نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ وہ قیام امن کا مکمل عزم رکھتی ہیں۔افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے کہا کہ یہ بات سب پر واضح ہو گئی ہے کہ مخاصمت اور جنگ و جدال کے خاتمے کی امنگ و آرزو، پوری کی جاسکتی ہے۔انھوں نے علاقے کے ملکوں سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کی حمایت کرنا بند کر دیں اور دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنے کے بجائے کابل حکومت کی حمایت کریں۔اس موقع پر حزب اسلامی افغانستان کے رہنما گلبدین حکمتیار نے بھی کہا کہ ان کے لئے سب سے زیادہ اہم بات، جنگ کا خاتمہ اور افغانستان میں امن و استحکام کا قیام ہے۔ انھوں نے کابل حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان امن کے عمل کی حمایت کرنے پر افغان قوم کی قدردانی بھی کی۔