پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر کے بیان پر افغانستان کا ردعمل
افغانستان کی قومی سلامتی کونسل نے اپنے ملک کے بارے میں پاکستان کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان غورزنگ نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی حکومت پاکستان کی جانب سے کسی بھی طرح کی سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دے گی۔افغانستان کی قومی سلا متی کونسل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوجیوں نے قندھار کی سرحد پر خلاف ورزی کی ہے اور یہ صورت حال افغانستان کے لئے ناقابل قبول ہے۔انھوں نے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے دہشت گردی کو ہمیشہ ایک حربے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ ایک سال سے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں کشیدگی جاری ہے اور دونوں ہی ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی اور سرحدی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔حال ہی میں افغانستان کے صوبے قندھار میں اسپین بولدک کے علاقے میں دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جن میں فریقین کے پندرہ افراد ہلاک اور سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں اور مشترکہ سرحد مستقل طورپر بند ہے۔