May ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  • بحرین میں حکومت کے خلاف زور پکڑتے احتجاجی مظاہرے

آل خلیفہ حکومت کے خلاف بحرینی مظاہرین نے منامہ اور عیسی نامی علاقے کے درمیان رابط پل کو بند کر دیا۔ دوسری جانب بحرین کے انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں نے اس ملک کے نامور عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے دفاع میں ایک کمپین شروع کی ہے

پریس ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے اتوار کی رات آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے منامہ اور عیسی علاقے کے درمیان واقع پل کو بند کر دیا۔بحرین کی اللوء لوء ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر مظاہرین اور آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد مظاہرین نے منامہ اور عیسی نامی علاقے کے درمیان واقع پل کو بند کر دیا۔دوسری جانب بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کی جارحانہ کاررائیوں میں شہید ہونے والوں کے لواحقین نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت، بحرینی عوام کے خلاف وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس ظالم و جابر حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ آئندہ بھی بدستور جاری رہے گا۔انھوں نے بحرینی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت بھی کی۔ بحرینی شہدا کے لواحقین نے شہدا کی لاشیں تحویل میں دیئے جانے اور ان شہدا کی تدفین کی رسومات خود اور اپنی مرضی کے مطابق انجام دینے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ بحرین کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ بحرین کے بحران کے دوران مارے جانے والے بحرینیوں کو جمعے کے روز ان کے لواحقین کی عدم موجودگی میں ہی دفن کر دیا گیا۔دوسری جانب بحرین کے انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں نے اس ملک کے نامور عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت و دفاع میں ایک کمپین شروع کی ہے ج منگل سے بھرپور طریقے سے چلائی جائے گی- اس کمپین کے منتظمین نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے دفاع و حمایت میں سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر اور ویڈیو کلیپ لوڈ کریں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ الدراز کے علاقے میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ کو جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی خبر نہیں ہے کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں کیونکہ آل خلیفہ حکومت نے ان کے ساتھ ہر طرح کا رابطہ منقطع کردیا ہے۔دریں اثنا جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان نے جیل سے جاری کئے جانے والے اپنے پیغام میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف آل خلیفہ کی آلہ کار نمائشی عدالت کی جانب سے جاری کئے جانے والے فیصلے کو ظالمانہ اور منظم سازش قرار دیا ہے۔شیخ علی سلمان، بے بنیاد الزامات کے تحت اس وقت بھی جیل کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں جنھوں نے تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی صحت و سلامتی کی مکمل ذمہ داری، آل خلیفہ حکومت پر عائد ہوتی ہے اور یہ پوری دنیا کے لئے شرمناک بات ہے کہ ایک زاہد و پارسا عالم دین کا اس طرح سے فوجی محاصرہ کر کے اس کی رہائشگاہ کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی شہری آزادی سلب کر لی گئی۔قابل ذکر ہے کہ بحرین کی ظالم و جابر آل خلیفہ حکومت نے گذشتہ ہفتے الدراز کے علاقے میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ کا ایک سال سے فوجی محاصرہ جاری رکھتے ہوئے ان کے گھر پر وحشیانہ طریقے سے حملہ کر دیا اور ان کے اثاثوں کو ضبط کر لیا جس کی بحرینی عوام نے شدید مذمت کی ہے اور ان کے احتجاج کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جبکہ آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کی بے دردری کے ساتھ سرکوبی کرتے ہوئے کئی بحرینیوں کو شہید اور دو سو افراد کو زخمی نیز دو سو اسّی دیگر افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔