Jun ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • محمد بن سلمان کو ولی عہد بنائے جانے پر سعودی شہزادوں کی مخالفت

متعدد سعودی شہزادوں نے شاہ سلمان کو ایک خط تحریر کر کے محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا ولی عہد بنائے جانے کی باضابطہ طور پر مخالفت کی ہے۔

العہد ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے اکّیس شہزادوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں انھوں نے محمد بن سلمان کو ولی عہد بنائے جانے جیسے اقدام کے نتیجے میں سعودی عرب میں آل سعود حکومت کے مستقبل پر مرتب ہونے والے منفی اثرات، سعودی حکام میں اختلافات کے شدّت اختیار کر جانے اور شاہی حکومت کا شیرازہ بکھر جانے کے بارے میں سخت خبردار کیا ہے۔
سعودی شہزادوں نے تاکید کی ہے کہ محمد بن سلمان کو شاہ بنائے جانے سے نہ صرف آل سعود حکومت بلکہ ملک کا مستقبل بھی غیریقینی صورت حال سے دوچار ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے آل سعود حکومت کی روایات کو نظرانداز کرتے ہوئے ایسی حالت میں محمد بن سلمان کو ولی عہد بنایا ہے کہ سعودی شاہ نے سابق شاہ ملک عبداللہ کی وصیت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پہلے مقرن بن عبدالعزیز کو ان کے عہدے سے ہٹایا اور پھر محمد بن نائف کو بھی برطرف کرکے محمد بن سلمان کو شاہی تخت پر لا بیٹھانے کی راہ ہموار کردی۔
واضح رہے کہ محمد بن سلمان کو ولی عہد بنائے جانے کے بعد ان سے بیعت کی رسومات ادا کئے جانے کی نشر کی جانے والی براہ راست تصاویر میں بھی دیکھا گیا ہے کہ ایک سعودی شہزادے نے کس طرح سے شاہ سلمان کے اس اقدام پر احتجاج کیا ہے۔

ٹیگس