چار عرب ملکوں کی شرطوں پر قطر کا ردعمل
قطر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ تعلقات کی بحالی کے لیے چار عرب ملکوں کی شرائط کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے۔
دوحہ میں وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق قطر کی حکومت، کویت کے احترام میں چار عرب ملکوں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی پیش کردہ شرائط کا جائزہ لے رہی ہے۔
کویتی حکام نے جمعے کے روز مذکورہ ملکوں کی جانب سے تعلقات کی بحالی کے مطالبات کا مسودہ قطری حکومت کے سپرد کیا ہے جس میں تیرہ شرائط شامل ہیں۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے پیش کردہ شرائط میں ایران اور حزب اللہ کے ساتھ تعلقاتمنقطع کرنے، الجزیزہ ٹی وی چینل کی مکمل بندش اور قطر میں قائم ترک فوجی اڈہ ختم کرنے جیسی شرائط سر فہرست ہیں۔
قطر کی وزارت خارجہ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے قطر کے بائیکاٹ اور محاصرے کو غیرقانونی اور غیر حقیقی قرار دیا ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملکوں کے قطر مخالف اقدامات کا انسداد دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اس کا مقصد قطر کی خود مختاری اور اقتدار اعلی کو نشانہ بنانا ہے۔