سعودی عرب میں اقتدار کی پرامن منتقلی کے لئے اتحاد کی تشکیل
سعودی عرب میں بعض سیاسی مخالف گروہوں نے اقتدار کی پرامن منتقلی کے لئے آل سعود کے خلاف متحدہ محاذ تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
مہر خبر رساں ایجنسی نے خلیج الجدید سائٹ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب میں آل سعود کے بعض مخالف سیاسی گروہوں نے اقتدار کو پرامن طریقے سے منتقل کرنے کے لئے آل سعود کے خلاف متحدہ محاذ تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
ان گروہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس اتحاد کا مقصد سعودی عرب میں تبدیلی اور اصلاحات کی، اس وقت تک حمایت جاری رکھنا ہے جب تک آل سعود حکومت عوام کے مطالبات کو تسلیم نہ کر لے-
اس بیان میں آیا ہے کہ اگر سعودی عرب میں اصلاحات پر عمل نہ ہوا تو عوام کو آل سعود کے شر سے بچانے کے لئے انقلاب برپا کرنے اور سعودی حکومت کا تختہ الٹنے کے سوا کوئی اور راستہ باقی نہیں رہے گا-
آل سعود کے مخالف سیاسی گروہوں نے اعلان کیا ہے کہ آل سعود حکومت، ملک کو کھوکھلا کر رہی ہے اور اس وقت سعودی عرب، عالم اسلام کے لئے شر و فساد کا مرکز بن گیا ہے-
ذرائع کے مطابق حزب اسلامی الامۃ، تجمع احرار جزیرۃ العرب، حزب التجدید الاسلامی، اتحاد الفضول اور جمعیت حقوقی اعتقال جیسے سیاسی گروہ آل سعود مخالف اتحاد میں شامل ہیں۔
سعودی عرب کی خاندانی ڈکٹیٹر حکومت ملک میں سیاسی گروہوں کو بری طرح سے کچل دیتی ہے اور وہ عوام کو ہر طرح کی آزادی سے محروم رکھے ہوئے ہے جس کے باعث اس ملک کے شیعہ مسلمانوں سمیت عوام کے مختلف طبقات کو سخت دباؤ اور گھٹن کا سامنا ہے اور وہ سراپا احتجاج ہیں-
سعودی حکومت کی سرکوبی کے باوجود حالیہ مہینوں میں اس ملک میں احتجاجی مظاہروں کی لہر سے پتہ چلتا ہے کہ آل سعود حکومت، عوام کی صدائے احتجاج کو دبانے میں ناکام رہی ہے-