Jul ۲۵, ۲۰۱۷ ۲۰:۴۳ Asia/Tehran
  • فلسطینی مظاہرین کے سامنے صیہونی حکومت کی پسپائی

صیہونی حکومت ، مسجد الاقصی میں کیمرے نصب کرنے کے منصوبے سے بھی پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگئی۔

 ریڈیو اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت نے مسجدالاقصی کے داخلی دروازوں پر جدید ترین کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ ترک کردیا ہے۔  
فلسطینی عوام کے زبردست احتجاج کے نتیجے میں صیہونی حکومت، مسجد الاقصی میں داخل ہونے کے لئے الیکٹرانک گیٹ اور معلق پلوں کو ہٹانے کے بعد اب جدید ترین کیمرے نصب کرنے کے منصوبے سے بھی پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔
صیہونی حکومت نے تین فلسطینیوں کی شہادت پسندانہ کارروائیوں کو بہانہ بناتے ہوئے مسجد الاقصی میں داخل ہونے کے لئے الیکٹرانک گیٹ نصب کر دیئے تھے جس کے خلاف فلسطینی عوام گذشتہ کئی دنوں سے شدید احتجاج کر رہے تھے۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ بیت المقدس کے مشرقی دروازے باب الاسباط کے سامنے نماز ادا کرنے والے فلسطینی نمازیوں پر آج صبح صیہونی فوجیوں کے حملے میں دسیوں نمازی زخمی ہوگئے۔
صیہونی فوجیوں نے چودہ جولائی کو مسجد الاقصی میں نمازیوں پر فائرنگ کر کے تین فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا اور مسجد الاقصی پر تالا لگا دیا تھا جس کا سلسلہ تین دنوں تک جاری رہا۔
فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے اعلان کیا ہے کہ مسجد الاقصی میں حالیہ جھڑپوں کے آغاز سے اب تک پانچ فلسطینی شہید اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔

ٹیگس