شام کو خطرناک دہشت گردی کا سامنا ہے: صدر بشار اسد
شام کے صدر نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو ایسی دہشت گردی کا سامنا ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار اسد نے شامی فوج کے بہترویں یوم تاسیس کی مناسبت سے جیش الشعب جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے تکفیری دہشت گردوں کو شام کا تاریخی دشمن قرار دیا جو علاقے اور علاقے سے باہر کے ممالک کی ہمہ گیر حمایت سے پورے علاقے پر تسلط جمانے کی کوشش کر رہے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ شام کو اس وقت انتہائی خطرناک دہشت گردی کا سامنا ہے - شام کے صدر نے استقامت و پائداری کے نتیجے میں ملک کو حاصل ہونے والی گرانقدر کامیابیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی استقامت، عوام کی حمایت اور شہداء کے پاکیزہ خون کے سہارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے- بشار اسد نے شام کو علاقے کا دل اور مشرق وسطی کااصلی محور قرار دیا اور کہا کہ ملک کی فوج ، آج عزت و سربلندی کی دوسری تاریخ رقم کر رہی ہے اور اپنے عزم و ثبات سے فتح و کامیابی کے افق کے نزدیک پہنچ چکی ہے-