دوحہ ، انتہاپسندی کو ھوا دے رہا ہے : سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کا الزام
قطر پر پابندی عائد کرنے والے ممالک نے اپنا موقف جاری رکھتے ہوئے دوحہ پر انتہاپسندی کو ہوا دینے کا الزام لگایا ہے
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب ، بحرین ، متحدہ عرب امارات اور مصر کے وزرائے اطلاعات ونشریات نے جمعرات کو جدہ میں اپنے اجلاس کے اختتام پر یہ دعوی کرتے ہوئے کہ قطر انتہاپسندی کا حامی ہے، انتہاپسندانہ اور دہشت گردانہ افکار کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ صحافتی یکجہتی کی ضرورت پر تاکید کی- اس سے پہلے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور مصر کے وزرائے خارجہ نے تیس جولائی دوہزار سترہ کو منامہ میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں قطر پرمزید دباؤ ڈالنے اور علاقے میں اس کی پالیسیوں کو تبدیل کرانے کی راہوں کا جائزہ لیا- سعودی عرب اورتین دیگر ملکوں نے دوحہ پر ریاض کی سربراہی میں عرب اتحاد کا ساتھ نہ دینے اور دہشت گردی کی حمایت کرنے کاالزام لگایا ہے- ان چار عرب ممالک نے پانچ جون کو قطر کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو ختم کرتے ہوئے اس پر پابندی عائد کردی - ان ملکوں کا کہنا ہے کہ قطر کے ساتھ تعلقات اسی وقت بحال ہوسکتے ہیں جب وہ الجزیرہ ٹی وی کو پوری طرح بند کردے، ایران اور حزب اللہ سے تعلقات ختم کرلے اور قطر میں ترکی کے فوجی اڈے کو بند کردے تاہم دوحہ نے ان مطالبات کو مسترد کر دیا ہے-