عراق کی تقسیم کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا
عراقی رضا کار فورس نے کہا ہے کہ الحشد الشعبی باقی رہے گی، کوئی بھی اسے ختم کرنے کا مشورہ دینے کا حق نہیں رکھتا۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق الحشد الشعبی کے ترجمان یوسف الکلابی نے کہا ہے کہ الحشد الشعبی مکمل آمادگی کے ساتھ میدان میں حاضر رہے گی اور دشمن کی ہر سازش اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔ موصل میں عراقی فورسز کی فیصلہ کن کامیابی اور حشدالشعبی کے مستقبل سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ موصل میں ملنے والی کامیابی نے دشمن کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دیا اور ان کا عراق کی تقسیم کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ الحشد الشعبی عراقی حکومت سے وابستہ ہے اور داعش کے خاتمے کے بعد بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ الحشد الشعبی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ میں واضح کر دوں کہ الحشد الشعبی مکمل آمادگی کے ساتھ میدان میں حاضر رہے گی اور دشمن کی ہر سازش اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔ یوسف الکلابی نے تاکید کی کہ الحشد الشعبی عراق کے عام شہریوں کی مدد سے بنی تنظیم ہے جو عوام کی حفاظت اور خدمت کے لئے تشکیل پائی ہے اور یہ تنظیم ہتھیار نہیں ڈالے گی اور اپنی موجودہ حالت پر باقی رہے گی۔
واضح رہے کہ الحشد الشعبی عراقی پارلیمنٹ کی قرارداد کے بعد ایک قانونی تنظیم بن گئی ہے جو مرجعیت کے حکم اورعام شہریوں کی ہماہنگی سے وجود میں آئی ہے اور بوقت ضرورت اسے ختم کرنے کا اختیار بھی قوم و ملت کے پاس ہے۔