حزب اللہ کے ساتھ مکمل یکجہتی، دشمن کو شکست دینا ہمارا عزم ہے: انصار اللہ
عبدالملک الحوثی نے ہيثم طباطبائی کی شہادت پر حزب اللہ کی قیادت کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یمن پوری قوت کے ساتھ حزب اللہ کے ساتھ اور صہیونی جارحیت کے مقابلے میں محور مقاومت کی ثابت قدمی پر مکمل یقین ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: انصاراللہ یمن کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے حزب اللہ لبنان کے شہید کمانڈر ہيثم طباطبائی کی شہادت پر گہرے افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صیہونی جارحیت کے مقابلے میں حزب اللہ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
المسیرہ چینل کے مطابق حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کے نام ایک پیغام میں عبدالملک الحوثی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ شہید طباطبائی اور ان کے ساتھیوں کے اہل خانہ کو دلی تعزیت اور شہادت پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید طباطبائی کی زندگی خیر، برکت اور عمل صالح سے معمور تھی اور انہوں نے مزاحمتی محاذ میں عظیم خدمات انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید طباطبائی کے مجاہدانہ کردار اور عظیم فداکاریوں کے باعث ان کا نام تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا، جبکہ حقیقی انعام انہیں شہادت اور دائمی حیات کی صورت میں ملا۔
عبدالملک الحوثی نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید طباطبائی کو نشانہ بنانا اور لبنان و غزہ پر حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ صہیونی حکومت اپنی جارحانہ اور مجرمانہ پالیسیوں پر قائم ہے۔ دشمن نہ کسی معاہدے کا پابند ہے، نہ اخلاقی حدود کا خیال کرتا ہے کیونکہ اسے مکمل امریکی حمایت حاصل ہے۔
انصاراللہ کے رہنما نے بعض علاقائی ممالک کی جانب سے صہیونی دباؤ کے سامنے سر جھکانے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کچھ حکومتیں نہ صرف خاموش ہیں بلکہ مقاومت کو غیر مسلح کرنے کے ایجنڈے کو بھی قبول کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں حزب اللہ کے عزم و استحکام پر غیر متزلزل اعتماد ہے کیونکہ حزب اللہ ایمان، جہاد اور کامیابی کی ایک تاریخ رکھتی ہے۔ مقاومتی بلاک میں حزب اللہ کا کردار بنیادی اور فیصلہ کن ہے اور یمن پوری قوت کے ساتھ حزب اللہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کا زوال ایک یقینی وعدۂ الٰہی ہے، اور امت مسلمہ کے خلاف دشمن کے تمام منصوبے ناکام ہوں گے۔ واحد درست راستہ دشمن کے مقابلے میں بیداری، مزاحمت اور جہاد کا پرچم بلند رکھنا ہے۔
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok