Aug ۱۶, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • امریکی فوجیوں کی واپسی کا مطالبہ

امریکی صدر کی جانب سے افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے کے فیصلے پر طالبان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان طالبان نے امریکی صدر کے نام کھلا خط لکھا جس میں انہیں خبردار کیا گیا کہ وہ افغانستان میں مزید امریکی فوجی بھیجنے کے بجائے یہاں موجود فوجیوں کی واپسی کا بندوبست کریں۔

خط میں کہا گیا کہ پچھلے تجربات سے ثابت ہوتا ہے کہ افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا جب کہ اس سے صرف امریکی فوجی اور اقتصادی طاقت کو نقصان پہنچے گا اس لیے بہتر ہوگا کہ افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے کے بجائے فوجیوں کی مکمل واپسی کی حکمت عملی اپنائی جائے۔

طالبان کی جانب سے بھیجے گئے خط میں امریکا کو خبردار کیا گیا ہے کہ امریکی فوج ہمیں کبھی بھی شکست نہیں دے سکی ۔

طالبان کا اس خط میں کہنا تھا کہ ٹرمپ کو افغانستان سے متعلق سابق فوجی پالیسی نہیں اپنانی چاہیے بلکہ امریکی افواج کی واپسی کا اعلان کردینا چاہیے،جس سے امریکی فوجی دستوں کو نقصان سے نجات ملے گی اور وراثتی جنگ کا بھی خاتمہ ہوگا۔

واضح رہے افغانستان میں 6 سال قبل ایک لاکھ سے زائد امریکی فوجی تعینات تھے لیکن اب وہاں دس ہزار سے زائد امریکی فوجی موجود ہیں تاہم رواں سال ٹرمپ انتظامیہ نے طالبان کے خاتمے کے لیے نئی حکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے مزید فوجی بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

 

ٹیگس