افغانستان :4 اہم چیک پوسٹوں پر طالبان کا قبضہ
شمالی افغانستان میں 4 اہم چیک پوسٹوں پرطالبان نے قبضہ کر لیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شمالی افغانستان کے صوبے فاریاب میں سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کے اہلکاروں نے بغیر کسی مزاحمت کے پسپائی کی جس کی وجہ سے غورماچ نامی شہرکے 4 اہم چیک پوسٹوں پرطالبان نے قبضہ کرلیا ہے۔
صوبے فاریاب کے گورنر کے ترجمان احمد جاوید بیدارکا کہنا ہے کہ جن چیک پوسٹوں کو خالی کیاگیا ہے وہ خاص اہمیت کے حامل نہیں تھے۔
جاوید بیدار کا کہنا ہے کہ غورماچ کے قریب طالبان کے خلاف نئی چیک پوسٹیں بنائی جارہی ہیں۔
دوسری طرف طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے پسپائی اختیار کی اور6 اہم چیک پوسٹوں پر ہمارا قبضہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ غورماچ نامی علاقے میں 20 دنوں سے افغان سیکیورٹی فورسز کے 400 سے زائد اہلکار طالبان کے محاصرے میں ہیں۔ غورماچ میں محصور اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر ان کی مدد نہ کی توعلاقہ طالبان کے حوالے کرنے پر مجبور ہوں گے۔