افغانستان میں 11 ہزار امریکی فوجیوں کی موجودگی
پینٹاگون کا کہنا ہے کہ افغانستان میں 11 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔
پینٹاگون کے جوائنٹ اسٹاف ڈائریکٹر لیفٹننٹ جنرل کینیتھ مک کینزے نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ انکشاف کیا کہ افغانستان میں امریکی فوج کی تعداد 8 ہزار 4 سو سے بڑھا کر 11 ہزار کردی گئی ہے، جو حال ہی میں امریکا کی نئی افغان پالیسی میں اعلان کردہ فوج میں اضافے کی تجویز کے علاوہ ہے۔
جنرل کینیتھ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجودہ فوجی اہلکاروں کی تعداد تقریباً 11 ہزار ہے اور اس میں سیکریٹری دفاع کی جانب سے حال ہی میں جنوبی ایشیا کی نئی حکمت عملی پالیسی میں فوج میں اضافے سے متعلق منظور کی گئی تجویز شامل نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 21 اگست کو افغانستان اور جنوبی ایشیا کے لیے نئی امریکی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے امریکی جنرلز سے کہا تھا کہ وہ جنگ میں کامیابی چاہتے ہیں، امریکا نے 2001 میں افغانستان میں دہشتگردی سے مقابلے کے بہانے اپنی فوج اتاری اور یہ امریکی تاریخ کی طویل ترین جنگ ہے۔
افغانستان کے عوام نے امریکی فوجیوں میں اضافے کو مسترد کیا جبکہ طالبان نے کہاکہ افغانستان کو امریکی فوج کے قبرستان میں بدل دیں گے۔