دوحہ کے خلاف پابندیاں غیر قانونی ہیں : امیر قطر
امیر قطر نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی پابندیوں کو غیر قانونی قرار دیا ہے
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک سمجھتے ہیں کہ وہ پیسے کے ذریعے دوسرے ملکوں پر اپنی مرضی مسلط کرسکتے ہیں- امیر قطر نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے قطر پر پابندی اور محاصرے کو غیرقانونی قرار دیا اور کہا کہ غیرقانونی محاصرے نے کام، تعلیم، اور سفر کے حق سمیت معمولی ترین انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے- شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے مزید کہا کہ ان کاملک ان گذرگاہوں اور ہوائی راستوں کی مدد سے اپنا کام چلا رہا ہے جن پر سعودی عرب کا تسلط نہیں ہے - امیر قطر نے میانمار کی فوج اور بدھسٹوں کے ہاتھوں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے میانمار حکومت سےمطالبہ کیا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرے-