شام، حمص میں شامی فوج کی پیش قدمی
شامی فوج نے صوبے حمص کے مضافاتی علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے الصفوانیہ، المکرمیہ، رسم سوید، رجم الشارہ اور جورت نزال نامی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے آزاد کرائے جانے والے علاقوں میں امن قائم کرتے ہوئے جب الجراح کے علاقے میں مربع پچاس کلو میٹر کے احاطے کو بھی آزاد کرا لیا۔
اس سے قبل شامی فوج نے جب الجراح کے مشرق اور جنوب مشرق میں واقع مختلف علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا تھا۔
شام سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ شامی فوج نے دیرالزور کے علاقے حویجہ صکر میں داعش دہشت گرد گروہ کی اس گاڑی کو بھی تباہ کردیا جسے وہ بم دھماکہ کرنے کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
شام کی فضائیہ نے بھی دیرالزور کے مشرقی علاقے سریرالنہر میں داعش دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔
ریف دمشق میں بھی شامی فوج نے جوبر اور مشرقی غوطہ کے علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید حملہ کیا۔
شامی فوج کی جانب سے دمشق کے رہائشی علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب سے فائربندی کی خلاف ورزی کا بھی بھرپور جواب دیا گیا۔