مقبوضہ بیت المقدس میں شہادت پسندانہ حملے کی حمایت
فلسطینی تحریکوں حماس اور جہاد اسلامی نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغربی علاقے میں انجام پانے والی شہادت پسندانہ کارروائی کی حمایت کی ہے۔
ایک فلسطینی نوجوان نے منگل کی صبح مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغربی علاقے میں ایک شہادت پسندانہ کارروائی کی جس میں کم از کم تین صیہونی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ یہ فلسطینی نوجوان، صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہو گیا۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق اس شہادت پسندانہ کارروائی کے بعد جہاد اسلامی فلسطین نے ایک بیان میں فلسطینی نوجوان کے اس اقدام کو صیہونی حکومت اور صیہونی فوجیوں کے منھ پر ایک زوردار طمانچہ قراردیا ۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی ایک بیان میں تاکید کے ساتھ اعلان کیا کہ فلسطینی نوجوان نے اس کارروائی کو انجام دے کراس بات کو واضح کردیا کہ فلسطینی عوام اپنے ملک اور قوم کی مکمل آزادی تک انتفاضہ جاری رکھیں گے۔
لبنان کے المیادین ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے علاقے بیت سوریک میں شہادت پسندانہ کارروائی انجام دینے والے فلسطینی نوجوان کے گھر پر بھی حملہ کیا ہے۔