غزہ میں شہید ہونے والوں کی کل تعداد پینسٹھ ہزار سے زائد
غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے اورجنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں شہید ہونے والوں کی کل تعداد پینسٹھ ہزار تین سو بیاسی ہو گئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں اڑتیس افراد شہید اور ایک سو نوے زخمی ہوئے ہیں۔
ان شہداء میں سے تین امدادی مراکز میں خوراک کی قطار میں شہید ہوئے جبکہ پندرہ دیگر زخمی ہوئے، اس طرح سے خوراک کی طلب میں لائنوں میں کھڑے شہداء کی کل تعداد دوہزار پانچ سو چھبیس اور زخمیوں کی کل تعداد اٹھارہ ہزار پانچ سو گیارہ ہو گئی ہے۔
اٹھارہ مارچ دوہزار پچیس کو غزہ پر جارحیت کے نئے مرحلے کے آغاز سے اب تک، بارہ ہزار آٹھ سو تیئیس افراد شہید اور چون ہزار نو سو چوالیس زخمی ہو چکے ہیں۔
ان شہداء سمیت غزہ میں سات اکتوبر دوہزار تیئیس سے، جب سے آپریشن طوفان الاقصی شروع ہوا ہے، شہداء کی کل تعداد پینسٹھ ہزار تین سو بیاسی اور زخمیوں کی کل تعداد ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار نو سو پچاسی ہوگئی ہے۔