ایرانی پہلوان عالمی چیمپئن بن کر تہران واپس پہنچ گئے
ایران کی فری اسٹائل کشتی کے پہلوان کروئیشیا کے دارالحکومت زاگریب میں ہونے والے عالمی مقابلوں کی چیمپین شپ اپنے نام کرنے کے بعد جمعے کی شام تہران پہنچے
سحرنیوز/ایران: فاتحانہ شان سے وطن واپس آنے والی ایران کی ریسلنگ کا ٹیم کا ہوائی اڈے پر پرشکوہ انداز میں استقبال کیا گیا۔
فاتح ٹیم کے استقبال کے لئے ایئر پورٹ پر اعلی سرکاری حکام اور کھلاڑیوں کے لواحقین کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام بھی موجو د تھے۔
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی ریسلنگ ٹیم 11 سال کے بعد زاگریب 2025 مقابلوں میں عالمی چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔
ایران کی کھیلوں کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ قومی فری اسٹائل اور گریکو رومن ریسلنگ ٹیموں نے بیک وقت ایک ہی مقابلے میں عالمی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے قومی ریسلنگ کو چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے تہنیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ فری اسٹائل ریسلنگ میں آپ اور آپ کے بھائیوں کی محنت نے قوم کو خوش اور ملک کو عزت بخشی ہے ۔ میں کھلاڑیوں، کوچ اور منیجر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی چیمپین شپ حاصل کرنے پر ایران کی قومی ریسلنگ ٹیم کی کوچنگ ٹیم، فنی عملے اور تمام کھلاڑیوں اور پہلوانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ مقابلوں کے اختتام سے قبل ہی زاگریب عالمی مقابلوں کی چیمپین شپ کا ٹائٹل حاصل کر لینا، ایران کے کھیلوں کی تاریخ میں ایک اور زریں ورق کے مترادف ہے جو اس ملک کے پہلوانوں نے اپنی صلاحیت اور سنجیدگی سے حاصل کیا اور ایرانی عوام کا دل باغ باغ کردیا۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی گریکو رومن ریسلگ ٹیم کے ساتھ ہی فری اسٹائل ریسلنگ ٹیم نے بھی زاگریب مقابلوں کے اختتام سے قبل ہی چیمپین شپ اپنے نام کرلی تھی۔