ہندوستان میں تیس سے زائد پروازیں منسوخ
-
فائل فوٹو
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں خراب موسم کے باعث تیس سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں
سحرنیوز/ہندوستان: مغربی بنگال کے کئی علاقوں، خصوصاً دارالحکومت کولکاتا میں موسلادھار بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں
رپورٹ کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث فضائی سفر بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور نتیجے میں تیس سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ متعدد پروازیں طویل تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق شدید بارش کے نتیجے میں کولکاتا کے مختلف علاقوں میں بہت زیادہ پانی بھر گیا، جس سے ٹریفک نظام بھی درہم برہم ہوگیا اور ہزاروں افراد کو مشکلات کا سامناہے۔
اس سے قبل منظرعام پر آنے والی رپورٹوں کے مطابق بارش کا پانی گھروں اور رہائشی عمارتوں میں داخل ہو چکا ہے اوراس سے کئی طرح کے مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ تب پیش آیا جب ایک جگہ بجلی کے تار پانی میں گرنے سے پانی میں بجلی کا کرنٹ دوڑ گیا۔ جس کے نتیجے میں کم سے کم سات افراد ہلاک ہوچکے ہیں - اس حادثہ کے بعد کولکاتا الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں احتیاطاً بجلی کی فراہمی منقطع کر دی جائے۔