افغانستان پاکستان کے لئے ہرگز خطرہ نہیں : عبداللہ عبداللہ
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے لئے خطرہ نہیں ہے۔
افغانستان کی قومی حکومت کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے لئے ہرگز خطرہ نہیں ہے تاہم پاکستان میں ایسے گروہ موجود ہیں جو ہمیشہ سے افغانستان کے امن و سیکورٹی کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات میں سخت آزمائشوں کا سامنا ہے اور اس ملک کے اندر موجودگروہ افغانستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں۔
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو نے مزید کہا کہ کابل ماضی میں بھی دہشتگرد گروہوں کے درمیان کسی طرح کے فرق کا قائل نہیں تھا اور آئندہ بھی نہیں ہوگا۔
عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ افغانستان، پاکستان کے ساتھ اختلافات کے حل کے لئے مذاکرات کے لئے تیار ہے اور اس نے گفتگو کا دروازہ ہرگز بند نہیں کیا ہے۔
پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام لگاتے ہیں اور ڈیورنڈلائن سمیت بعض مسائل میں اختلاف رکھتے ہیں۔