شام میں امریکی اتحاد کے تازہ جرائم
مشرقی شام کے علاقے دیرالزور میں داعش کے خلاف امریکہ کی سرکردگی میں قائم نام نہاد بین الاقوامی اتحاد کے جنگی طیاروں کے پیر کی رات کے حملے میں کم از کم بائیس شامی شہری جاں بحق ہو گئے۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں کے اس حملے میں دسیوں شامی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔بیس اکتوبر کو بھی امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے رقہ پر حملہ کر کے پینتیس شامی شہریوں کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا تھا۔شامی حکومت نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام اپنے مراسلوں میں بارہا شام میں امریکی اتحاد کے جرائم بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی اتحاد کے حملوں کا جائزہ لینے والی نگراں کمیٹی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ عراق و شام میں دو ہزار چودہ سے اب تک امریکی اتحاد کے حملوں میں تین ہزار سے زائد عام شہری مارے جا چکے ہیں۔