شام: البوکمال دسیوں دہشت گردوں کی ہلاکت
مشرقی شام میں واقع شہر البوکمال کے مضافاتی علاقوں پر شامی فضائیہ کی کارروائی میں دسیوں داعشی تکفیری دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شامی فضائیہ کے طیاروں نے شہر البوکمال کے مضافاتی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کئی بار بمباری کی جس میں دسیوں داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے جن میں ہانی الثلجی، ابو منذر الشیشانی اور ابو محمد الصافی جیسے سرغنہ بھی شامل ہیں۔
شامی فضائیہ کی اس کارروائی میں دہشت گردوں کا فوجی ساز و سامان بھی تباہ ہو گیا۔
دوسری جانب تکفیری دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے حویجہ قاطع کی طرف شامی فوج کی پیش قدمی جاری ہے۔ داعشی دہشت گرد اس علاقے میں بے گناہ لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں جس کی بنا پر شامی فوج بہت احتیاط کے ساتھ پیش قدمی کر رہی ہے۔
حویجہ قاطع کی آزادی کے ساتھ ہی شہر دیرالزور کے مغرب کے علاقے میں امن قائم ہو جائے گا اور پھر دہشت گرد دوبارہ اس علاقے میں داخل نہیں کرسکیں گے۔
اس سے قبل جمعرات کو شامی فوج نے شہر البوکمال کو آزاد کرا لئے جانے کا اعلان کیا تھا۔