فلسطینی مظاہرین پرصیہونی فوجیوں کی فائرنگ ایک شہید دسیوں زخمی
فلسطینی علاقوں کے باشندوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے کئے ہيں جس کے دوران صیہونی فوجیوں نے براہ راست فائرنگ کرکے کم سے کم ایک فلسطینی نوجوان کو شہید اور دسیوں دیگر کو زخمی کردیا ہے
فلسطین سے موصولہ خبروں کے مطابق ٹرمپ کے ذریعے بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت قرار دئے جانے کے فیصلے کے خلاف جمعے کو غرب اردن کے شہر بیت لحم اور مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں قلندیا چیک پوسٹ پر مظاہرین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدیدجھڑپیں ہوئي ہیں - اس دوران صیہونی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہیداور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے جبکہ صیہونی فوجیوں نے آنسوگیس کے گولوں کا بھی بے تحاشا استعمال کیا جس کی وجہ سے بہت سے فلسطینیوں کے دم گھٹنے لگے- صیہونی فوجیوں نے شمالی بیت المقدس کی سیکورٹی دیوار بیت ایل کے قریب فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید کردیا جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے نمازجمعہ کے بعد مسجد الاقصی کے احاطے میں بھی فلسطینیوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا - جمعے کو صیہونی حکومت نے بیت المقدس اور خاص طور پر مسجد الاقصی کےاطراف میں سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کردی تھی اور علاقے کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا تھا - جمعے کو پورے فلسطین منجملہ غرب اردن، بیت المقدس اور غزہ میں بیت المقدس کی حمایت اور امریکا اور اسرائیل کی مذمت ميں مظاہرے کئے گئے - فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے دس روز قبل نئی تحریک انتفاضہ کے آغاز سے اب تک ستائیس سو سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہيں جبکہ متعدد فلسطینی صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ کارروائیوں اور فائرنگ ميں شہید ہوچکے ہیں -