پنجاب میں تباہ کن سیلاب، 3200 دیہات زیرِ آب، 24 لاکھ سے زائد افراد متاثر
سیلاب میں پھنسے 9 لاکھ 99 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پنجاب میں حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 3200 سے زائد دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں، جب کہ مجموعی طور پر 24 لاکھ 52 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ریلیف کمشنر پنجاب نے بتایا کہ سیلابی صورتحال کے دوران 41 افراد جان کی بازی ہار گئے، اور تقریباً 9 لاکھ 99 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک اور سلیمانکی پر 1 لاکھ 24 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جب کہ دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر بالترتیب 54 ہزار اور 60 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ جاری ہے۔ حکام نے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔