امریکی اور نیٹو افواج کی ناکامی
امریکی جنرل نے کابل کو پہلے سے زیادہ غیر محفوظ قرار دیا ہے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں امریکی جنرل جان نکلسن نے کابل کی صورتحال کو سنگین قرار دیا۔ اس انٹرویو کے تناظر میں امریکی ٹی وی سی بی ایس نے اپنی رپورٹ میں کابل کو پہلے سے زیادہ غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے اسے 16 سال سے یہاں موجود امریکہ اور نیٹو افواج کی ناکامی قرار دیا۔
امریکی ٹی وی سی بی ایس نے کابل سے اپنی خصوصی رپورٹ میں کہا کہ افغان دارالحکومت میں غیر ملکی شخصیات کو ایئر پورٹ تک لانے اور لے جانے کے لئے بھی فضائی راستہ اختیار کیا جاتا ہے اہم عمارات کے گرد دو سے تین تین دیواریں کھڑی کردی گئی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے شہر کتنا غیر محفوظ ہو چکا ہے۔
رپورٹ میں افغانستان میں امریکہ کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا گیا ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ 16 سال میں کابل جیسے شہر کو بھی محفوظ نہیں بنایا جاسکا تو امریکہ کو دیکھنا ہوگا کہ وہ اس جنگ میں کہاں کھڑا ہے۔
رپورٹ میں جب صحافی نے یہ سوال افغان صدر اشرف غنی کے سامنے رکھا تو انہوں نے یہ موقف اختیار کیا کہ افغانستان میں اکیس عالمی د ہشت گرد گروپ موجود ہیں جن کی جنگ اب فوج کے بجائے عوام سے شروع ہو چکی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے صرف 4 ماہ میں 2500 ہلاکتیں ہوئیں اور 4 ہزار افغان فوجی زخمی ہوئے۔