Jan ۲۷, ۲۰۱۸ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
  • بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے

بحرین کے عوام نے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے فوجی محاصرے کے خلاف ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے عوام نے معروف عالم دین، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے فوجی محاصرے کے خلاف  ملک کے مختلف علاقوں منجملہ دارالحکومت منامہ میں احتجاجی مظاہرے کئے اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کا فوجی محاصرہ فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب آل خلیفہ کے فوجی اہلکاروں نے جمعے کو الدراز کے علاقے میں جہاں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ واقع ہے، نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی بر قرار رکھی اور لوگوں کو گزشتہ اسّی ہفتوں کی طرح اس ہفتے بھی نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔ بحرینی عوام نے نماز جمعہ پر لگائی گئی پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی انقلابی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام آزادی و انصاف کے قیام، نسلی امتیاز کے خاتمے اور منتخب حکومت کے بر سر اقتدار آنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم آل خلیفہ حکومت سعودی فوجیوں اور متحدہ عرب امارات کے سیکورٹی اہلکاروں کی مدد سے اس ملک کے عوام کے احتجاجی مظاہروں کو سختی سے کچل رہی ہے۔