شام کے شہر عفرین میں پرس ٹی وی کی ٹیم پر ترک فوج کا حملہ
پرس ٹی وی چینل نے خبردی ہے کہ ترک فوج نے شام کے علاقے عفرین میں اس کی ٹیم پر حملہ کیا ہے۔
پرس ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شام کے شہر عفرین کے علاقے راجو میں پرس ٹی وی کی ٹیم پر ترک فوج کے حملے میں پرس ٹی وی کا ایک کارکن زخمی ہوگیا ہے۔
ترک فوج نے گذشتہ بیس جنوری سے شام کے شہر عفرین میں شامی کرد ملیشیا کے خلاف کارروائیاں شروع کی ہیں۔ترک فوج اس سے پہلے بھی شام کے شمالی علاقوں میں ایسی فوجی کارروائیاں کرچکی ہے۔
شامی حکومت نے بارہا ترک فوج کے اس قسم کے اقدامات کو غیر قانونی اور شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے منافی قراردیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے۔
شامی حکومت نے عفرین میں ترک فوج کی کارروائی کو بحران شام کے آغاز میں دہشت گردوں کے لئے انقرہ کی حمایت جیسے اقدام سے تعبیر کیا ہے۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ کرد جماعتیں شام کی کرد ملیشیا بعض بیرونی طاقتوں، امریکا اور پی کے کے کی حمایت سے شام کے شمالی علاقے میں ایک الگ کرد حکومت بنانا چاہتی ہیں۔ ترکی اسی بہانے شام کے اندر جارحیت کرتا رہتا ہے۔