پوری دنیا کے دفاع میں شام میں دہشت گردی کے خلاف مہم
شام کے صدر بشار اسد نے غوطہ شرقی میں جنگی محاذوں کا دورہ اور شامی فوج سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف شامی فوج کی جنگ نہ صرف شام بلکہ دنیا کے تمام ملکوں کے دفاع میں ہو رہی ہے۔
شام کے صدر بشار اسد نے شامی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں فوج کی فائرنگ سے دہشت گردوں کی ہلاکتوں اور شامی فوج کی پیش قدمی سے عالمی توازن اور دنیا کا سیاسی نقشہ تبدیل ہو گا۔
انھوں نے دہشت گردی کے خلاف مہم میں شامی فوج کی شرکت کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے شامی فوج نے شام کی آزادی کے لئے تاریخ ساز قدم اٹھایا اسی طرح سے اس کا تاریخ ساز کردار بدستور جاری ہے۔
شام کے صدر بشار اسد نے اتوار کے روز غوطہ شرقی پہنچ کر جنگی محاذوں کی صورت حال کا جائزہ لیا اور دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل شامی فوجیوں سے گفتگو کی اور شامی فوج کی جدوجہد اور قربانیوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ غوطہ شرقی میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی جنگ کے نتیجے میں غوطہ شرقی کا اسّی فیصد علاقہ آزاد ہو چکا ہے جبکہ شامی فوج کی پیش قدمی بدستور جاری ہے۔