واپسی مارچ سینچری ڈیل تیار کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے
حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے فلسطینی عوام کے عظیم الشان واپسی مارچ کو سینچری ڈیل کے نام سے موسوم سازشی منصوبہ تیار کرنے والوں کے منہ پر زور دار طمانچہ قرار دیا ہے۔
جنوبی لبنان کے شہر نباطیہ میں انتخابی جلسہ عام کو ویڈیوکانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ نے کہا ہے غزہ کے عوام نے اپنے واپسی مارچ کے ذریعے بہادری کے ساتھ غاصبوں کا مقابلہ کیا ہے اور وہ بدستور ان کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں اور یہ مارچ سینچری ڈیل تیار کرنے والوں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے - انہوں نے کہا کہ امریکا اور صیہونی حکومت نے لبنان میں تحریک استقامت کو ختم کرنے کے لئے جو کچھ کرسکتے تھے کیا لیکن تحریک استقامت اور اس کی قوت ہر لبنانی شہری کے وجود میں پائي جاتی ہے - سید حسن نصراللہ نے آئندہ عام انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سبھی لبنانی شہریوں سے کہا کہ وہ عام انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں - لبنان میں پارلیمانی انتخابات چھے مئی کو ہوں گے