Apr ۲۷, ۲۰۱۸ ۲۰:۳۱ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے مقابلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یکجہتی کی ضرورت پر تاکید

اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے ریاض منصور نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی اور ان کے خلاف وحشیانہ جرائم کے ارتکاب کا جواب دہ ہونا پڑے گا۔

اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے ریاض منصور نے کہا ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ امن و سلامتی کے خلاف صیہونی حکومت کے جاری اقدامات کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے موثر قدم اٹھائے۔
اس فلسطینی عہدیدار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام اپنے مراسلے کو پڑھ کر سناتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ خط انتیس ستمبر سنہ دو ہزار سے، تیرہ اپریل سنہ دو ہزار اٹھارہ تک مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے بحران کے بارے میں تحریر کئے جانے والے چھے سو بتّیس مراسلوں کا ہی تسلسل ہے جس میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم و مظالم کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر نیکلائی ملادینوف نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ صیہونی حکومت، غرب اردن کے مختلف علاقوں خاص طور سے بیت المقدس میں فلسطینیوں کے اموال اور ان کے مکانات و عمارتوں کی مسماری اور صیہونی آبادکاری کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
انھوں نے کہا کہ غزہ کی بحرانی صورت حال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جہاں مرد، عورتیں اور بچے نہایت سخت زندگی بسر کر رہے ہیں اور ان کے اطراف میں ایسی سرحدیں کھنچی ہوئی ہیں کہ جنھیں وہ عبور نہیں کر سکتے اور ان پر ناقابل بیان مظلم ڈھائے جا رہے ہیں اور صیہونی حکومت کا یہ اقدام ناقابل قبول ہے۔ ملادینوف نے کہا کہ غزہ کی سرحدوں کے اطراف میں حالیہ ہفتوں میں پینتیس فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
انھوں نے فلسطینیوں کے قتل عام کے بارے میں شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔ مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر نیکلائی ملادینوف نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی امداد کے ادارے میں جاری مالی بحران پر سخت خبردار بھی کیا۔

ٹیگس