ایران سمیت دنیا بھر میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا
اسلامی جمہوریہ ایران میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا اور آج جمعرات کو 1439 ہجری قمری کا پہلا روزہ ہے۔
روزہ تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ ہے، رمضان المبارک میں رضائے الٰہی کی بھرپور کوشش کرنی چاہئے جبکہ انسانیت کی خدمت پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہئے۔
رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے، روزہ سے انسانی ہمدردی اور باہمی ایثار کے جذبات پیدا ہوتے ہیں، رمضان المبارک محروم طبقات کی خصوصی نگہداشت کا مہینہ ہے۔
ماہ مبارک تمام فاصلوں کو دور کرکے امیر و غریب کو ایک ہی صف میں بیٹھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، رمضان المبارک نیکیوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔
روزہ تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ ہے، رمضان المبارک میں رضائے الٰہی کی بھرپور کوشش کی جانی چاہئے جبکہ انسانیت کی خدمت پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہئے۔
ماہ رمضان المبارک کا مہینہ خداوند عالم کا مہینہ ہے اور یہ مہینہ افضل ترین اور شریف ترین مہینہ ہے۔ اس مبارک مہینے میں رحمت بہشت کے دروازے کھل جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند ہو جاتے ہیں۔
حضرت امام علیؑ رضا ؑ سے منقول ہے کہ حضرت محمد (ص) نے ماہ شعبان کی آخری تاریخ میں ارشاد فرمایا : اے لوگو! آگاہ ہوجاؤ کہ خدا کا مہینہ برکت و رحمت اور مغفرت لے کر تمہارے پاس آیا ہے۔ یہ وہ مبارک مہینہ ہے جو خدا کے نزدیک سب مہینوں سے افضل ہے، اس کے دن تمام دنوں سے افضل اس کی راتیں تمام راتوں سے افضل ہیں، اس مہینے میں تمہارا سانس لینا تسبیح کا ثواب رکھتا ہے، تمہارا سونا عبادت سے کم نہیں ہے، تمہارے عمل اس مہینے میں مقبول ہیں اور تمہاری دعائیں مستجاب ہیں۔ پس تم صدق دل سے خداوند عالم سے دعا کرو کہ وہ اس مبارک مہینے میں نیک کام کرنے، غریبوں کی مدد کرنے، روزہ رکھنے اور قرآن کی تلاوت کرنے کی توفیق عنایت فرمائے۔
اے لوگو! جو تم میں سے کسی مومن کا اس مہینہ میں روزہ کھلوائے گا، اس کو خدائے بزرگ و برتر ایک غلام آزاد کرانے کا ثواب عطا فرمائے گا اور اس کے گزشتہ گناہ بخش دیئے جائیں گے۔
سحرعالمی نیٹ ورک ماہ رمضان کی آمد کے موقع پر تمام سامعین، ناظرین اور چاہنے والوں کو مبارک باد پیش کرتا ہے۔