Jul ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  • سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی افواج کے حملے

سعودی جارحین کے خلاف یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے میزائلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے

یمنی ذرائع نے خبردی ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے میزائل یونٹ نے سنیچر کو جنوبی سعودی عرب کے علاقے، عسیر میں العلب پاس کے نزدیک سعودی فوجیوں کے ایک مرکز پر زلزال میزائل سے حملہ کیا ہے ۔یمنی فوج نے زلزال میزائل کے ساتھ ہی کئی راکٹ بھی سعودی اتحاد کے فوجیوں کے مرکز پر داغے ہیں ۔دوسری جانب الجزیرہ نے جنوبی سعودی عرب میں یمنی افواج اور جارح سعودی اتحاد کے درمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں کم سے کم چار سعودی فوجیوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے ۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی یمن کے علاقے المہرہ کے شہر الغیظ کے ہوائی اڈے میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کے داخل ہونے کے خلاف ، عوام کے وسیع مظاہرے کے بعد ، ریاض نے اس سول ایئر پورٹ کو فوجی ہوائی اڈے میں تبدیل کرنے کے منصوبے سے پسپائی اختیار کرلی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ شہر الغیظ کے باشندے اپریل کے مہینے سے ہی اس صوبے کی مین شاہراہوں اور راہداریوں پر جارح سعودی اتحاد کے فوجیوں کے کنٹرول کے خلاف مسلسل احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں ۔اس دوران یمنی فوج کے اینٹی ایئرکرافٹ یونٹ نے عسیر میں سعودی حکومت کا ایک جنگی طیارہ بھی مار گرایا ہے ۔رپورٹ کے مطابق یہ سعودی جنگی طیارہ شمالی یمن کے رہائشی علاقوں پر بمباری کرکے واپس جارہا تھا کہ یمنی فوج کی اینٹی ایئر کرافٹ توپوں کی فائرنگ کا نشانہ بنکر تباہ ہوگیا ۔شمالی یمن کے صوبہ صعدہ کے شہروں ، رازح، منبہ، اور باقم پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری میں کئی یمنی شہری زخمی ہوگئے ہیں ۔سعودی حکومت نے امریکا کی حمایت سے متحدہ عرب امارات اور چند دیگر اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے ۔سعودی جارحیت میں عورتوں اور بچوں سمیت چودہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی شہری بے گھر ہوچکے ہیں ۔