سعودی عرب کے جنوب میں فوجی اڈے پر یمنی فوج کا میزائل حملہ
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں سعودی عرب کے جنوبی علاقے نجران کے مشرق میں المستحدث فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا ہے۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے نجران میں المستحدث سعودی فوجی اڈے پر بدر ایک بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا ہے۔ یمن کی فوج کی بحریہ نے بھی جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات بحیرہ احمر میں سعودی آئیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات کے قریب سعودی بحریہ کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا۔ یہ حملے سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیتوں کے جواب میں کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے جمعرات کی شام الحدیدہ کے شہر الدریہمی میں یمنی پناہ گزینوں کی دوگاڑیوں پر حملہ کرکے اکتیس خواتین اور بچوں کو شہید کردیا۔
اس درمیان یمن کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج نے مغربی ساحل پرواقع التحیتا کے علاقے کے الجبلیہ بازار کے قریب گھات لگا کر چھیالیس جارح فوجیوں کو ہلاک اور ستاون دیگر کو زخمی کردیا۔ یمن کی وزارت دفاع نے یہ بھی کہا ہے کہ الجبلیہ بازار کے قریب جارح سعودی اتحاد کی نو فوجی گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا۔
دوسری جانب المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے الحدیدہ بندرگاہ کے اطراف میں ایک بڑی کارروائی کرکے جارح سعودی اتحاد کے ایک سوچالیس فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔ اس کارروائی میں دوسوچھتیس سعودی اور ان کے اتحادی کے فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
یمنی فوج کے اسنائپروں نے بھی سعودی عرب کی جارحیتوں کے جواب میں صوبہ حجہ کے سرحدی علاقے میدی میں چار سعودی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔
دریں اثنا یمنی فوج کے ایک ذریعے نے بتایا کہ یمنی فوج نے گھات لگا کر نجران میں الہجلہ علاقے کے قریب سعودی فوج کی تین گاڑیوں کو منہدم کردیا اور ان میں سوار سبھی فوجی ہلاک ہوگئے۔