یمن پر سعودی جارحیت میں مزید 7 عام شہریوں کی شہادت
Sep ۱۷, ۲۰۱۸ ۲۰:۳۷ Asia/Tehran
یمن کے رہائشی علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کی تازہ فضائی جارحیت میں کم از کم سات عام شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے پیر کی صبح صوبے البیضا میں ردمان کے علاقے حوران میں رہائشی مکان کو جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں یمن کے سات عام شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
لبنان کے المیادین ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ اس جارحیت میں ایک ہی گھرانے کے چودہ افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے شمال مغربی یمن کے صوبے صعدہ کے رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کی۔ اس حملے میں ہونے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں ابھی کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے۔
اس سے قبل صعدہ پر ہی سعودی اتحاد کے میزائل حملے اور گولہ باری میں دو یمنی شہری شہید ہو گئے تھے۔