بحرین میں حسینی عزاداروں پر حملہ، جمعیت الوفاق کی جانب سے شدید مذمت
بحرین کی جمعیت الوفاق نے ایک بیان میں آل خلیفہ حکومت کے کارندوں کے ہاتھوں مجالس عزا کو خطاب کرنے والے علما و ذاکرین کو طلب اور انھیں گرفتار کئے جانے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
مرآت البحرین ویب سائٹ کے مطابق بحرین کی جمعیت الوفاق نے اپنے بیان میں حسینی عزاداروں پر بحرینی سیکورٹی اہلکاروں کے حملے کو بحرینیوں کی دینی آزادی اور شہری حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اس بیان میں تاکید کے ساتھ کہا گیا ہے کہ بحرین میں تحریک عاشورہ کے یادگار بینرز اور پرچموں کی بے ادبی کر کے ان مسلمانوں کے جذبات و احساساہت کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے جو نواسہ رسولۖ اور آپ کے اصحاب باوفا کا غم منا کر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے منگل کو المالکیہ کے علاقے میں حسینی عزاداروں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جہاں دونوں فریقوں میں جھڑپ بھی ہوئی۔
بحرین کے سیکورٹی اہلکاروں نے سترہ، الدراز اور العکر کے علاقوں میں بھی عزاخانوں اور عزاداروں پر حملہ کیا اور تحریک عاشورہ کے بینرز اور پرچموں کی بے حرمتی کی۔
واضح رہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت ہر سال جارحانہ رویہ اختیار کر کے بحرینی مسلمانوں کی دینی و مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انھیں نواسہ رسولۖ اور شہدائے کربلا کا غم منانے سے روکنے کی پوری کوشش کرتی ہے۔