Oct ۲۵, ۲۰۱۸ ۱۹:۵۶ Asia/Tehran
  • صیہونی فوج کو فلسطین کی تحریک مزاحمت کا منھ توڑ جواب

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت کے جواب مین فلسطین کی تحریک مزاحمت نے مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے میں واقع صیہونی آبادی کے علاقے الغلاف پر راکٹ حملہ کیا ہے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک مزاحمت کی جانب سے الغلاف کے علاقے پر تین راکٹ فائر کئے گئے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے اس جوابی اقدام کے بعد مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے میں خطرے کا سائرن بجنے لگا اور صیہونیوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔

فلسطین کی تحریک مزاحمت کے راکٹ حملوں میں ہونے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں ابھی کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے۔

اس سے قبل صیہونی فوجیوں نے غزہ پر میزائل سے حملہ کیا جبکہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے بھی غزہ کے جنوب میں مختلف علاقوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں آٹھ فلسطینی زخمی ہو گئے۔

صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے بھی بدھ کی شام جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔

صیہونی حکومت کی جارحیت کے نئے دور میں اب تک ہزاروں فلسطینی شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔