Nov ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • عید میلادالبنی، نبی کریم (ص) کی حقیقی تعلیمات سے تجدید عہد کا دن

عید میلادالبنی، نبی کریم (ص) کی حقیقی تعلیمات کا فروغ اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کیلئے تجدیدعہد کا دن ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید میلادالنبی کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن مسلمانوں کا اپنے نبی کریم (ص) سے عشق کے عملی اظہار کا دن ہے، امت مسلمہ کی تنزلی کا سب سے بڑا سبب رحمت للعالمین (ص) کی حقیقی تعلیمات سے دوری ہے، حضور نبی کریم (ص) نے امت کو اخوت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، آج اسلام کے نام پر جو گلے کاٹے جا رہے ہیں وہ دین اسلام کے روشن چہرے کو بدنما ظاہر کرنے کی مذموم کوشش ہے، جس کے پس پردہ صیہونی ایجنڈا کار فرما ہے، اس سازش کو باہمی اتحاد و یگانگت سے شکست دینا ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ علماء کی اعلیٰ بصیرت اور دانش مندانہ اقدامات سے عدم برداشت کے رجحان کا خاتمہ کرکے معاشرے میں امن و سکون قائم کیا جا سکتا ہے، آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے، نبی کریم (ص) کی حقیقی تعلیمات کا فروغ اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا آج ہمیں عہد کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین 12 تا 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت و اخوت منا رہی ہے، اس دوران ملک بھر میں جشن میلاد النبی (ص) کے سلسلے میں سمینار منعقد کئے جائیں گے، بارہ ربیع الاول کو ملک بھر میں عید میلاد النبی (ص) کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں بھی لگائی جائیں گی۔

 

ٹیگس