امیر قطر ریاض اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے
قطر کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی خلیج فارس تعاون کونسل کے ریاض سربراہی اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کے انفارمیشن دفتر کے سربراہ احمد الرمیحی نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس میں امیر قطر کے بجائے خارجہ امور میں وزیر مملکت سلطان بن سعد المریخی شرکت کریں گے۔
اس سے قبل سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امیر قطر کو ریاض سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی پہلے ہی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے قطر کا محاصرہ کئے جانے کے بعد خلیج فارس تعاون کونسل کے اقدامات سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ یہ کونسل کس طرح سے بعض عرب ملکوں کے آلہ کار میں تبدیل ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے پانچ جون دو ہزار سترہ سے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے اس ملک کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور ان ممالک نے قطر کے ساتھ اپنے تمام راستے بند کر دیئے ہیں۔